ہفتہ 26 جولائی 2025 - 13:05
خدمت خلق، دین کی روح اور عظیم ترین عبادت ہے: حجۃ الاسلام آقا تہرانی

حوزہ/ حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں منعقدہ ایک مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی اسکالر حجۃ الاسلام والمسلمین مرتضیٰ آقاتہرانی نے خدمتِ خلق کو دین کی اصل روح اور بلندترین عبادات میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص بندگانِ خدا کی خدمت سے غافل ہو، وہ دین کے حقیقی مفہوم سے ناواقف ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں منعقدہ ایک مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی اسکالر حجۃ الاسلام والمسلمین مرتضیٰ آقاتہرانی نے خدمتِ خلق کو دین کی اصل روح اور بلندترین عبادات میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص بندگانِ خدا کی خدمت سے غافل ہو، وہ دین کے حقیقی مفہوم سے ناواقف ہے۔

انہوں نے کہا کہ خدمت کو رضائے الٰہی کے لیے انجام دینا چاہیے اور یہ عمل اگر خالص نیت کے ساتھ کیا جائے تو بندے کو قربِ الٰہی عطا کرتا ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج دنیا میں انسانیت اور خدمت کے مفاہیم مسخ ہو چکے ہیں۔

ماہ صفر؛ محرم کا تسلسل اور اربعین کا پیغام

حجۃ الاسلام آقاتہرانی نے ماہِ صفر کو محرم کا تسلسل قرار دیا اور کہا کہ امام حسین علیہ السلام کا قیام اسی مہینے اپنے عظیم پیغام کی تکمیل کو پہنچتا ہے۔ اربعین مارچ ایک عظیم موقع اور بہترین عبادت ہے، جس کے ذریعے ہمیں امام حسین علیہ السلام کے اہداف کو پہچاننا اور ان کی پیروی کرنا چاہیے۔

بندے اور خدا کے تعلق کا محور: محبت و معرفت

انہوں نے امام رضا علیہ السلام کی روایت کی روشنی میں کہا کہ خدا اپنے بندوں کے گمان کے مطابق ہوتا ہے، اور انسان اگر خدا کی صفاتِ رحمت و فضل کو پہچانے تو دل میں اس کی محبت بڑھتی ہے اور روح میں جمالِ الٰہی کے آثار نمایاں ہوتے ہیں۔

صہیونیت: درندگی کی حدوں سے بھی آگے

حجۃ الاسلام آقاتہرانی نے مظلوم فلسطینی بچوں کے قتلِ عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی مظالم اس قدر سنگین ہیں کہ انہیں حیوانات سے بھی تشبیہ نہیں دی جا سکتی، کیونکہ حیوان بھی بعض اخلاقی حدود کے پابند ہوتے ہیں۔

اصلاح نفس اور کربلا کا پیغام

انہوں نے کہا کہ انسان اگر تربیت اور تہذیب نفس سے خالی ہو جائے تو بدترین جرائم کا مرتکب ہو سکتا ہے۔ کربلا کا واقعہ ایک دن میں مکمل ہوا لیکن اس کی روشنی اور پیغام ہمیشہ کے لیے زندہ رہا۔ امام حسین علیہ السلام کی شہادت اور اہل بیتؑ کی اسیری نے اس تحریک کو تاریخ میں جاودان کر دیا

امام سجاد علیہ السلام کا خطبہ؛ شام کی گمراہی کا خاتمہ

انہوں نے کہا کہ یزید نے دین کے ظواہر کے ساتھ لوگوں کو فریب دیا لیکن جب امام سجاد علیہ السلام نے شام میں خطبے دیے تو یزیدی چہرہ بے نقاب ہو گیا۔ ان خطبوں کے ذریعے رسول خدا (ص) اور حضرت علیؑ کی فضیلتوں کو بیان کیا گیا اور یہاں تک کہ یزید بھی عاشورا کے جرائم سے خود کو بری الذمہ ظاہر کرنے لگا۔

صہیونی تجزیہ کار بھی ایران کی کامیابی کا اعتراف کرنے پر مجبور

انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ میں صہیونی تجزیہ کار بھی اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ ایران اس میدان کا فاتح رہا اور اسرائیل اپنے مقاصد میں ناکام ہوا۔

دین کی صحیح شناخت ضروری

آخر میں انہوں نے تاکید کی کہ ہمیں خود بھی حقیقی اسلام کو پہچاننا چاہیے اور اپنی نسلوں کو بھی دینِ صحیح سے آشنا کروانا چاہیے تاکہ وہ گمراہی اور جہالت سے محفوظ رہ سکیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha